فرد جرم عائد ہونے سے پہلے رانا شمیم کی پراسیکیوٹر تبدیل کرنے کی درخواست

سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان نے کہا کہ موجودہ پراسیکیوٹر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان پہلے دن سے میرے خلاف ہیں، وفاق کے نمائندے ہیں۔

سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نے توہین عدالت کیس میں پراسیکیوٹر تبدیل کرنے کے لیے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروا دی ہے۔

رانا شمیم نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو بطور پراسیکیوٹر ہٹانے کی درخواست کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وزارت قانون کے چیف لاء آفیسر کو پراسیکیوٹر بنا دیا جائے لیکن خالد جاوید کو پراسیکیوشن سے ہٹا دیں۔

یہ بھی پڑھیے

رانا شمیم توہین عدالت کیس، 20 جنوری کو فرد جرم عائد ہوگا، حکم نامہ جاری

وفاق کا شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے اور کورونا لاک ڈاؤن نہ لگانے فیصلہ

انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کا رویہ پہلے دن ہی سے میرے خلاف نہایت جارحانہ ہے، اٹارنی جنرل وفاقی حکومت کے نمائندے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان مجھے توہین عدالت کیس میں سزا دلوا کر تحریک انصاف کی حکومت کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ توہین عدالت کیس میں کل سابق جسٹس رانا شمیم پر فرد جرم عائد ہونا تھا لیکن انہوں نے آج ہی پراسیکیوٹر تبدیل کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

ممکنہ طور پر یہ درخواست رانا شمیم کی طرف سے کیس کو مزید طوالت دینے کے لیے عدالت میں جمع کروائی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر