کورنگی میں ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، ایک ہلاک ایک زخمی

پولیس کے مطابق ڈاکو نشے کی حالت میں تھے ، دوران ڈکیتی ایک ڈاکو کی فائرنگ سے دوسرا ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ شہریوں نے ڈکیتوں کے خلاف ڈنڈا اٹھالیا۔ کورنگی ڈھائی نمبر پر ڈاکوؤں کو شہری کو لوٹنا مہنگا پڑ گیا، دوران ڈکیتی ڈاکو کی فائرنگ سے اپنا ہی ساتھی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے ڈاکو کو شہریوں نے دبوچ کر دھرگت بنا ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکو کی ہلاکت کا واقعہ اس وقت ہوا جب دوران ڈکیتی ایک ڈاکو نے شہری کو ڈرانے کے لیے فائرنگ کی ، نشے میں دھت ہونے کی وجہ سے ایک گولی ساتھی ڈاکو کے پیٹ میں اتر گئی اور وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے

قصور: منڈی عثمان والا میں مدرسہ قاری کے مبینہ تشدد سے بچہ ہلاک

لاہور میں خواتین کو ہراساں کرنے کے بعد اغواء کی وارداتوں میں اضافہ

اس موقع پر شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ڈاکو کو دبوچ لیا اور اس کی  خوب دھلائی کی۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش اور زخمی ڈاکو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے دونوں ڈاکو نشے کی حالت میں تھے۔ عوام کو ڈرانے کے لئے ہوائی فائرنگ کرنے بجائے اپنے ہی ساتھی پر فائر کھول دیئے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پانچ گولیوں کے خول برآمد ہوئےہیں ، جن کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے زیر استمعال موٹر سائیکل بھی جائے واردات پر پڑی ہوئی ملی ہے ، موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ پر پریس بھی لکھا ہوا ہے۔

کورنگی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ڈاکو کے حوالے سے تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ مزید تفصیلات گرفتار ڈاکو سے تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی ، جسے ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر