میڈیاورکرز کو سڑکوں پر گولیوں اور گھروں پربھوک سےموت کا خوف

کیپیٹل ٹی وی میں ملازمین کا معاشی قتل جاری،تنخواہ کی ادائیگی4 سے 5 ماہ تاخیرکاشکار،اصرار کرنے والے ملازمین کو آدھی تنخواہ پر ٹرخا دیا جاتا ہے

پاکستان میں میڈیاورکرز پرسڑکوں پرگولیوں  اور گھروں  میں  بھوک سےموت کاخوف طاری ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز قتل کیے گئے  حسنین شاہ   کے ادارے کیپیٹل ٹی وی میں ملازمین کا معاشی قتل جاری ہے۔

کیپیٹل ٹی وی میں تنخواہ کی ادائیگی 4 سے 5 ماہ تاخیرکاشکارہے ،ادائیگی پر اصرار کرنے والے ملازمین کو آدھی تنخواہ پر ٹرخا دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور، گاڑی پر فائرنگ سے ٹی وی رپورٹر جاں بحق

حال ہی میں کیپیٹل ٹی وی چھوڑنے والے کم از کم 3 ملازمین نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ ادارے میں تنخواہوں کی تاخیر سے ادائیگی کاسلسلہ کئی سال سے جاری ہے اور تنخواہوں کی ادائیگی میں 4 سے 5 ماہ  تاخیر معمول بن چکی ہے۔

کیپیٹل ٹی وی کے سابق ملازمین کا کہنا تھا کہ کیپیٹل ٹی وی کا کوئی ملازم کسی شدید ضرورت   کے موقع پر انتظامیہ سے تنخواہ کا مطالبہ کرے تو اسے نصف تنخواہ لے کر ادارہ چھوڑنے کی پیشکش کی جاتی ہے  اور حالات سے مجبور ملازم بادلنخواستہ  یہ پیشکش قبول کر بھی لے تو اسے فوری ادائیگی سے انکار کردیا جاتا ہے اور اسے نصف رقم بھی 6 سے 8 قسطوں میں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ  اگر کوئی فرد حالات اور بار بار کے وعدوں سے تنگ آکر نوکری چھوڑ دے تو اس کے پیسے ادارہ ہڑپ کرلیتا ہے۔ملازمین کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کیپیٹل ٹی وی کے ملازمین معاشی عدم تحفظ کی فضا میں جی رہے تھے  اور اب حسنین شاہ کے قتل سے ان کے خوف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

دریں اثنا لاہورمیں گزشتہ روز قتل کیے گئے رپورٹر حسنین شاہ کی نماز جناہ لاہور پریس کلب کے باہر ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں وزیر اطلاعات پنجاب حسان خاور، لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری اور پولیس افسران سمیت صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حسنین شاہ کو بی بی پاکدامن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

متعلقہ تحاریر