سابق انگلش فٹبالر کھلاڑی ڈھونڈنے پاکستان پہنچ گئے
مائیکل اوون تین روز تک ملک میں فٹبال ٹرائلز کا حصہ ہوں گے، کراچی میں این ای ڈی فٹبال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
انگلینڈ کے مایہ ناز فٹبالر مائیکل اوون تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، وہ 26 جنوری کو کراچی میں این ای ڈی فٹبال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مائیکل اوون اپنے دورے میں لیاری بھی جائیں گے جبکہ 27 جنوری کو کراچی میں منعقدہ پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ثانیہ مرزا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
آسٹریلیا نے عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے مائیکل اوون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ فٹبالر کامیاب جوان پروگرام کے سفیر کے طور پر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جواب پروگرام کے ذریعے 10 ریجنز میں فٹبال ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلیے پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، فروری کے پہلے ہفتے کے دوران کراچی میں فٹبال ٹرائلز شروع ہوجائیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے سابق اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کے معیار کا جائزہ لوں گا، یورپ سے آنے والے بین الاقوامی کوچز بھی پاکستانی فٹبالرز کو ٹریننگ دیں گے۔
مائیکل اوون نے مزید کہا کہ پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ تلاش کرنے کی مہم کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں، نوجوانوں کو صرف موقع فراہم کرنے کی دیر ہے۔