دورہ پاکستان کے حوالے سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم الجھن میں مبتلا
آسٹریلوی اخبار نے خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے کینگرو ٹیم دورے پر فیصلہ نہیں کر پا رہی۔
آسٹریلوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرلڈ میں خبر شائع ہوئی ہے کہ کینگرو پلیئرز 24 سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے شش و پنج میں مبتلا ہیں۔
اس الجھن کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں اچانک ہی دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر میں بتایا گیا کہ ٹیم کے قریبی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں میں پریشانی اور بےچینی پائی جاتی ہے۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ پاکستانی سرزمین پر کھیلا جائے گا، یہ میچز 3 مارچ سے شروع ہوں گے۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے 1998 کے بعد سے اب تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے البتہ اس دوران دونوں ٹیمز کے درمیان میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جاتے رہے ہیں۔
گو کہ کچھ بین الاقوامی ٹیمز نے حالیہ سالوں میں پاکستان کا دورہ کیا لیکن نیوزی لینڈ نے پچھلے سال ستمبر میں اپنا دورہ سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے اچانک ختم کیا اور انگلینڈ نے بھی اس کے بعد اپنا مجوزہ دورہ منسوخ کردیا۔
افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد سے پاکستان میں بھی دہشتگردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد سے دہشتگردانہ حملوں میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے، پچھلے ہفتے لاہور کے بازار میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔