پشاور زلمی نے کوئٹہ کا دیا ہوا پہاڑ جیسا ٹارگٹ عبور کرلیا
کوئٹہ گلیڈیٹرز نے 191 رنز کا ہدف دیا جسے پشاور زلمی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، 97 رنز کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ول اسمیڈ کے نام رہا۔
پی ایس ایل 7 میں آج کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ ہوا جس میں زلمی 5 وکٹوں سے کامیاب رہی، پشاور زلمی نے 191 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف اننگز ختم ہونے سے صرف 2 گیندوں پہلے مکمل کیا۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کوئٹہ گلیڈیٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
کوئٹہ سے ول اسمیڈ نے 62 گیندوں پر 4 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی۔
احسن علی 46 گیندوں پر 73 رنز بنانے میں کامیاب رہے، انہوں نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے یہ کارنامہ انجام دیا۔
پشاور زلمی سے ثمین گل اور عثمان قادر نے 2 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بیٹنگ میں پشاور زلمی سے حسین طلعت نے 52 جبکہ کپتان شعیب ملک نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈیٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 3 جبکہ جیمز فالکنر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ول اسمیڈ کو 97 رنز کی شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔