اسٹیڈیم میں داخلہ نہ ملنے پر کرکٹ کے شیدائی بچے سراپا احتجاج
ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے بچوں کو میچ دیکھنے کی اجازت نہ ملی، گراؤنڈ کے باہر بیٹھ کر احتجاج ریکارڈ کروایا، پہلے بتایا نہیں اور اب ریفنڈ بھی نہیں دے رہے، بچے کی دہائی۔
ڈان نیوز کے اسپورٹس جرنلسٹ عمران صدیقی نے ٹوئٹر پر نہایت دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں 6 سے 7 بچے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔
Cute kids protesting at National Stadium gates 😊😊😊#PSL7 #PZvQG pic.twitter.com/0S7jKzDnfV
— ٰImran Siddique (@imransiddique89) January 28, 2022
یہ بچے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ پہنے سراپا احتجاج ہیں، انہیں کورونا ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت نہیں ملی۔
یہ ویڈیو کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 7 کے دوسرے میچ کی ہے۔
کرکٹ کے شیدائی یہ بچے اس قدر معصومیت سے کہہ رہے ہیں کہ کمپلین کریں کمپلین کریں، جانے نہیں دے رہے یہ لوگ؟
ویڈیو بنانے والے شخص نے جب پوچھا کہ کیا ہوا تو بچے نے کہا کہ پہلے بتایا نہیں کہ ویکسین کے بغیر اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اب ٹکٹ کے پیسے بھی واپس نہیں دے رہے۔
پھر سبھی بچے اٹھ کے آگئے اور کہا کہ پہلے ٹکٹ فروخت کردیا لیکن بتایا نہیں کہ ویکسین بھی لگوانی ہے، اور اب پیسے بھی واپیس نہیں کر رہے۔
پی سی بی میڈیا کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بعد ازاں ٹویٹ کی گئی کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے خریدے گئے ٹکٹس پر پی سی بی ریفنڈ کرے گا۔
کئی ٹوئٹر صارفین نے کہا کہ پی سی بی کو ریفنڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ان تمام بچوں کو پی ایس ایل کے تمام میچز وی آئی پی انکلوژر میں بیٹھ کر دیکھنے کی اجازت دینی چاہیے۔
کئی افراد نے کہا کہ پی سی بی ان بچوں کو پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرے اور انہیں تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ملنے کا موقع دیا جائے۔