برطانوی فٹبالر میسن گرین ووڈ طالبہ سے زیادتی اور تشدد کے الزام میں گرفتار
برطانوی پولیس نے طالبہ پر حملے اور عصمت دری کے الزام میں برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے نوجوان اسٹرائیکر میسن گرین ووڈ کو گرفتار کرلیا۔
18سالہ برطانوی طالبہ نےسوشل میڈیا پر تصاویر اور وڈیوز اپ لوڈ کرتے ہوئے میسن گرین ووڈ پر زیادتی اور جسمانی تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا پی ایس ایل میچز ملتوی ہونے والے ہیں؟ ایچ بی ایل کی ٹویٹ سے شائقین پریشان
رافیل نڈال آسٹریلین اوپن جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والےکھلاڑی بن گئے
گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا ہے کہ”اسے سوشل میڈیا کی تصاویر اور ویڈیوز کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے جو ایک خاتون کی جانب سے جسمانی تشدد کے واقعات کی رپورٹنگ کے لیے پوسٹ کی گئی تھیں“۔مانچسٹر پولیس نے مزید کہا ہے کہ” ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ 20 سال کے ایک شخص کو عصمت دری اور حملہ کے شبہےمیں گرفتار کیا گیا ہےاور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے“۔
75ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ کمانے والے اسٹرائیکر کو ان کے کلب نے پہلے ہی تاحکم ثانی معطل کردیا تھا۔مانچسٹر یونائیٹڈ نے کہا تھا کہ” فٹ بالر تاحکم ثانی ٹریننگ کیمپ یا میچوں میں واپس نہیں آسکیں گے“۔ کلب کا کہنا تھا کہ ” ہم کسی بھی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کرسکتے، ہمیں سوشل میڈیا پرعائد کردہ الزامات سے آگاہ کیا گیا ہے لیکن حقائق سامنے آنے تک کسی قسم کا تبصرہ نہیں کرسکتے۔دوسری جانب میسن گرین ووڈ نے سوشل میڈیا کے الزامات کا جواب نہیں دیا “۔
مارچ 2019 میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے ڈیبیو کرنے والے 20 سالہ فٹبالر نے یونائیٹڈ اکیڈمی کی صفوں میں اضافے کے بعد فروری 2021 میں چار سالہ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔وہ رواں سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے 24مقابلو ں میں حصہ لے چکے ہیں۔
دوسری طرف طالبہ کی جانب سے تشدد اور عصمت دری کے الزامات عائد کیے جانے کےبعد میسن گرین ووڈ کے ساتھی فٹبالرز نے انہیں سوشل میڈیا پر ان فالو کرنا شروع کردیا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، ڈیوڈ ڈی گیا، پال پوگبا اور مارکوس رشفورڈ سمیت کئی بڑے فٹبالرز نے انسٹاگرام پر میسن گرین ووڈ کو ان فالو کردیا ہے۔