سلمان بٹ اور سرفراز احمد میں سوشل میڈیا پر جنگ چھڑ گئی

سلمان بٹ کی یوٹیوب انٹرویو میں سرفراز احمد کے ساتھی کھلاڑیوں سے رویے پر تنقید، سرفراز احمد نے ٹوئٹ میں فکسنگ اسکینڈل کا سہارا لیکر سلمان بٹ کو نام لیے بغیر کھری کھری سنادی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتان سلمان بٹ اور سرفراز احمد سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے۔

سلمان بٹ نے یوٹیوب پر مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرفراز احمد کو ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے رویے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔سرفراز احمد نے فکسنگ اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے نام لیے بغیر سلمان بٹ کو کھری کھری سنادی۔

یہ بھی پڑھیے

مائیکل وان نے پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری بہترین لیگ قرار دیدیا

غیرمعروف تجزیہ کار کے پی ایس ایل سے متعلق تعصب سے بھرپور خیالات

 

سلمان بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  سرفراز جو کچھ کررہے ہیں اس سے ان کے لیے اچھی سوچ پیدا نہیں ہورہی۔ جس طرح وہ برتاؤ  کرتے ہیں جس طرح وہ بات کرتے ہیں ،درحقیقت وہ بات نہیں کرتے  وہ چیختے ہیں اور وہ مشورہ نہیں کرتے بلکہ اپنا حکم چلاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پچھلے میچ میں نسیم شاہ نے ان سے فیلڈر مانگا مگر سرفراز نے کہا کہ میں جو کہہ رہا ہوں تم وہ کرو۔

سلمان  بٹ نے کہا کہ سرفراز احمد ہر دفعہ ہرکسی کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتے، اگر آپ اتنے ہی تو پھر آپ ہی جوابدہ ہیں۔پچھلے سال بھی آپ ہارے ہیں ، ٹیم بھی آپ کے مشورے سے ہی بنتی ہوگی۔جب سے پی ایس ایل ہورہی ہے آپ اس ٹیم کے کپتان ہیں۔آپ کے بغیر تو کچھ نہیں ہوتا ہوگا۔

سلمان بٹ نے مزید کہا کہ سرفراز احمد اپنے لیے مشکلات کھڑی کررہے ہیں ، بعد میں ان کے لیے جواب دینا مشکل ہوگا۔بہتر ہے کہ وہ اپنے اوپر توجہ دیں۔ اپنی کارکردگی پر دھیان دیں کیونکہ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ بطور سیکنڈ وکٹ کیپر سفر کررہے ہیں  تو ضروری ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں اور دوسروں کو تھوڑا  سکون سے رہنے دیں ، دوسرے اپنی کارکردگی کا خیال خود کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز ہر ایک کی جگہ خود پہنچے ہوئے ہیں اور اپنی جگہ خالی چھوڑ رکھی ہے۔

سلمان بٹ کے انٹرویو کے کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سرفراز احمد آگ بگولا ہوگئے اور انہوں نے سلمان بٹ پر جوابی حملہ کرنے کیلیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔سرفراز احمد نے سلمان بٹ کا نام لیے بغیر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت  پر بھاشن دے گا پھر تو اللہ ہی حافظ ہے۔

سلمان بٹ کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد سرفراز احمد کی حمایت اور مخالفت میں سامنے آگئی کچھ نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تو کچھ ان کی حمایت کرتے نظر آئے اور ٹیم کیلیے ان کی خدمات گنوانا شروع کردیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان اور وکٹ کیپرراشد لطیف بھی سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے اور انہیں قوم کا فخر قرار دے دیا۔

متعلقہ تحاریر