میٹا نے یورپ میں فیس بک اور انسٹاگرام بند کرنے کی دھمکی دے دی
یورپی عدالت نے پرائیوسی معاہدہ کالعدم قرار دے دیا تھا، میٹا نے کہا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا منتقل کرنے کی اجازت نہ ملی تو سروسز بند کریں گے۔

میٹا پلیٹ فارمز نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسے صارفین کا ڈیٹا امریکہ منتقل کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ یورپ میں فیس بک اور انسٹاگرام معطل کردے گا۔
یورپی حکام اس وقت ایک قانون پر دوبارہ کام کر رہے ہیں کہ کس طرح یورپی ڈیٹا کو اٹلانٹک خطے تک رسائی دی جائے۔
جولائی 2020 میں امریکہ کے ساتھ ہونے والا پچھلا پرائیوسی معاہدہ یورپ کی عدالت نے کالعدم قرار دے دیا تھا۔
جمعرات کو شائع ہونے والی اپنی سالانہ رپورٹ میں میٹا نے کہا کہ اگر وہ ڈیٹا منتقل کرنے کے حوالے سے اپنے موجودہ یا نئے معاہدوں پر عمل درآمد نہیں کرسکی تو وہ یورپ میں بشمول فیس بک اور انسٹاگرام کے اپنی کئی سروسز کی فراہمی جاری نہیں رکھ سکے گی۔
گو کہ اس بات کا امکان کم ہے کہ میٹا اپنی بہترین مصنوعات کو نفع بخش منڈی سے ہٹا لے لیکن اس کا ردعمل یہ ظاہر کرتا ہے کہ کمپنی اور قانون سازوں کے درمیان ڈیٹا کی ملکیت پر تنازع شدت اختیار کر رہا ہے۔
یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ بات چیت میں شدت آگئی ہے لیکن زیربحث معاملات کی نزاکت اور پرائیوسی اور قومی سلامتی کے درمیان توازن قائم کرنے کیلیے ہمیں وقت درکار ہوگا۔
بلومبرگ کو جاری کردہ تحریری بیان میں کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ یورپی عدالت کی طے کردہ شرائط پر پورا اترنے والا معاہدہ ہی دونوں فریقین کے درمیان حتمی اور قانونی استحکام پیدا کرسکتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ فیس بک نے اپنی سروز معطل کرنے کی دھمکی دی ہو، 2020 میں فیس بک نے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا میں خبریں شیئر کرنے والے صارفین اور دیگر پبلشرز کو بلاک کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
فیس بک کی طرف سے یہ بیان اس وقت دیا گیا تھا جب آسٹریلیا کے ایک قانون کے مطابق کمپنی پر زور دیا گیا کہ وہ میڈیا ہاوسز کو ان کے آرٹیکلز شیئر کرنے پر ادائیگی کرے۔