وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے مطالبات مسترد کرے، محسن شیخانی

چیئرمین آباد نے کہا کہ تعمیراتی شعبے اور ریئل اسٹیٹ کی مراعات ختم نہ کی جائیں، تعمیراتی شعبہ ملک کی معیشت کا اہم جزو ہے۔

چیئرمین آباد محسن شیخانی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبات کو مسترد کیا جائے، آئی ایم ایف  نے مطالبہ کیا ہے کہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبوں کیلیے بینکوں کے قرضوں میں 5 فیصد پورٹ فولیو جبکہ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ میں بینکوں کی سرمایہ کاری پر لاگو رسک کا حجم 100 فیصد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف کا یہ مطالبہ مانا گیا تو اس سے پاکستان کی معیشت مزید کمزور ہوجائے گی۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تخمینے کے مطابق رئیل اسٹیٹ شعبہ قومی دولت کا 70 فیصد بناتا ہے اور تعمیراتی صنعت کا پاکستان کے جی ڈی پی میں نمایاں حصہ ہے۔

محسن شیخانی نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ہماری معیشت کا انحصار رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن سیکٹر پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان میں مکانات کی کمی کے پیش نظر انتخابی مہم کے دوران 50 لاکھ سستے گھروں کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔

حکومت میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی صنعت اور رئیل اسٹیٹ کیلیے ہاؤسنگ پر خصوصی شرح پر بینک فنانسنگ کے ساتھ ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

محسن شیخانی نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے پیش نظر تعمیراتی شعبے اور رئیل اسٹیٹ کو دی گئیں سہولتیں ایک راست اقدام تھا۔

آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ مالی مشکلات کے پیش نظر تعمیراتی شعبے کے فروغ کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کو واپس لیا جائے۔

آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک کو کہا ہے کہ بینکوں کے ہاؤسنگ قرضے کے اہداف مالی استحکام کے لیے خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رہائشی یونٹس کی ضرورت کے پیش نظر حکومت کو چاہیے کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ مسترد کرکے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کیلیے خصوصی مراعات کو جاری رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی ملک میں معاشی بحران آتا ہے تو اس ملک کی اولین ترجیح ہوتی ہے کہ تعمیراتی شعبے کو مراعات دی جائیں۔

معیشت کی ترقی کا دارو مدار تعمیرات کے شعبے کی ترقی میں مضمر ہے۔ محسن شیخانی نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تو ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

متعلقہ تحاریر