ملتان میں حمزہ شہباز کے استقبال کی تیاریاں عروج پر
پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف آئندہ چند روز میں ملتان کا دورہ کریں گے، جلال پور پیروالا میں کسان کنونشن بھی ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اہم اجلاس۔

پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی ملتان آمد اور جلال پور پیروالہ میں کسان کنونشن کے سلسلہ میں پارٹی رہنما ملک آصف رفیق رجوانہ کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، ملک آصف رفیق رجوانہ اور عثمان خان بابر نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا ملتان آمد پر بھرپوراستقبال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
جعلی اکاؤنٹس کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر فرد جرم سنائی جائے گی
"نانی کی اتوار کی ڈیوٹی” مریم نواز کی نواسے اور نواسی کے ساتھ سالگرہ میں شرکت
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جلال پور پیروالہ میں کسان کنونشن کے لئے حمزہ شہباز کو ریلی کے ہمراہ جلسہ گاہ تک لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کسان شدید معاشی بدحالی کا شکار ہیں، کھاد نایاب ہو چکی ہے اور کسانوں کو مہنگے داموں لائنوں میں لگ کر ایک بوری بھی بمشکل ملتی ہے۔
عوام مسلم لیگ (ن) کے سنہرے دور حکومت کو یاد کرتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جلال پور میں کسان کنونشن حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ملتان شہر و ضلع کے عہدیدار سلطانہ شاہین، ملک ناصر کمبوہ، فیاض خان، جمشید خان ترین، شبیر احمد شیخ، اسحاق رجوانہ، عبداللہ خان، شیخ منیر احمد اور دیگر موجود تھے۔