کراچی میں شہری کو ڈاکوؤں سے بچاتے ہوئے سینئر صحافی اطہر متین قتل

سما ٹی وی کے سینئر پروڈیوسراطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر جارہے تھے، شہری کو لٹتے دیکھا تو ڈاکوؤں پر گاڑی چڑھادی، ملزمان کی فائرنگ سےاطہر متین چل بسے

کراچی کے علاقے  نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سما ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ ناظم آباد میں  فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پیش آیا۔ اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر جارہے تھے، راستے میں موٹرسائیکل سوار ملزمان  کوایک شہری کو لوٹتے دیکھا تو  اطہر متین نے ان پر گاڑی چڑھا دی۔ گاڑی کی ٹکر سے ڈاکو زمین پر گرے تاہم ملزمان نے سنبھلنے کے بعد گاڑی پر فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور، گاڑی پر فائرنگ سے ٹی وی رپورٹر جاں بحق

اقرار الحسن کو آئی بی افسر کیخلاف اسٹنگ آپریشن مہنگا پڑگیا،بہیمانہ تشدد

فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر پیدل فرار ہوگئے اور کچھ دور جاکرایک اور موٹرسائیکل چھیننے کے بعد بآسانی فرار ہوگئے۔

ایس پی گلبرگ طاہر نورانی نے سما ٹی وی کو بتایا کہ ملزمان نے اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی تھی جس پر انہوں نے ملزمان پر گاڑی چڑھادی تاہم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کا معائنہ کیا جارہا ہے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق اطہر متین کو شدید زخمی حالت میں سیفی اسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔بعدازاں ضابطے کی کارروائی کیلیےاطہر متین کی میت  عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی  جہاں مرحوم کے لواحقین اور صحافیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اطہر متین کے قتل پر مرحوم کے اہلخانہ اور صحافی برادری سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے  چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ اطہر متین   سینئر اینکرپرسن طارق متین کے بھائی اور کراچی پریس کلب کے رکن تھے جبکہ سما نیوز کے علاوہ اے آر وائی نیوز اور آج نیوز میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ سما ٹی وی کے مطابق مرحوم کے پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر