کلین اینڈ گرین سکھر مہم کا آغاز، شہر بھر میں صفائی شروع

ضلعی و بلدیاتی افسران نے واک کی، سیاسی و مذہبی شخصیات، وکلا اور تاجر برادری کی شرکت، جھاڑو لگا کر مہم کا افتتاح کیا گیا۔

سکھر کی ضلعی و بلدیہ انتظامیہ نے شہر کو صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب بنانے کے لیے کلین اینڈ گرین سکھر کے نام سے مہم کا اغازکر دیا، مہم کے حوالے سے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے گلوب چوک سے لب مہران واکنگ ٹریک تک واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک کی قیادت وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈی سی سکھر جاوید احمد، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ علی رضا انصاری، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے کی۔

اس موقع پر سکھر چیمبر کے صدر عامر غوری، جے یو آئی کے صوبائی رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی، تاجر، وکلاء، سیاسی سماجی شخصیات، علمائے کرام، صحافیوں، مختلف اسکولوں کے اساتذہ، طلباء، خواتین اور مختلف محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واک کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارسلان اسلام شیخ و دیگر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور صفائی کے حوالے سے ہمارے نبی کے بھی احکامات موجود ہیں۔

اس مہم کے ذریعے نہ صرف ہم سکھر شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانا چاہتے ہیں بلکہ چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان اس کی تقلید کرے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ ہم کلین اینڈ گرین مہم کے ذریعے سکھر کو مثالی اور صاف ستھرا شہر بنانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے شہریوں کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔

سکھر شہر کا شمار ملک کے گرم ترین شہروں میں ہوتا ہے اور گرمی کے موسم میں یہاں کا درجہ حرارت 52 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے، اس درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے ہمیں درخت لگانا ہوں گے۔

ارسلان شیخ کا کہنا تھا کہ ہم صرف سکھر کو صاف ستھرا یا سر سبز بنانا نہیں چاہتے بلکہ ہماری کوشش ہے کہ سکھر کو ملنے والے فنڈز کا بھی درست استعمال ہو اور اس کے لیے ہم محلہ اور سٹیزن کمیٹیاں بنانے جا رہے ہیں۔

ان کمیٹیوں میں تمام شعبہ جات سے وابستہ افراد کو شامل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی مشاورت سے شہر میں ترقیاتی کام ہوسکیں۔

متعلقہ تحاریر