جیمز فاکنر ڈبل پیمنٹ چاہتے تھے، پی سی بی کی وضاحت
آسٹریلوی کھلاڑی نے برطانیہ کے اکاؤنٹ میں پی ایس ایل کی فیس وصول کی، بعد ازاں کہا کہ آسٹریلیا کے اکاؤنٹ میں بھی اتنی ہی رقم بھیجی جائے۔

آسٹریلوی کرکٹر اور پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی جیمز فاکنر کے الزامات کی پی سی بی نے سخت الفاظ میں تردید کر دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیمز فاکنر کے قابل مذمت رویے پر مایوس ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے سات سالوں میں کسی کھلاڑی نے کبھی شکوہ نہیں کیا کہ پی سی بی نے اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ 2016 سے اب تک زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑی جنہوں نے کسی بھی سیزن میں پی ایس ایل فرینچائز کی طرف سے کھیلا تو بعد میں بھی کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔
پی سی بی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ جیمز فاکنر کے ایجنٹ نے دسمبر 2021 میں برطانیہ کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کیں جس میں پی ایس ایل کی رقم منتقل کرنا تھی۔
جنوری 2022 میں ان کے ایجنٹ نے آسٹریلیا کے ایک اکاؤنٹ کی تفصیلات دیں کہ رقم کی ادائیگی اس اکاؤنٹ میں کی جائے۔
اس وقت تک معاہدے کے مطابق 70 فیصد فیس کی ادائیگی فاکنر کے برطانیہ والے آف شور اکاؤنٹ میں کی جاچکی تھی جس کی تصدیق فاکنر نے خود کی۔
پی سی بی کے مطابق فاکنر کو ان کے معاہدے کے مطابق تمام ادائیگیاں کی جاچکی ہیں، 30 فیصد بقایا جات پی ایس ایل 7 ختم ہونے کے صرف 40 یوم میں ہونا تھی لیکن اب ان کے معاہدے پر نظرثانی کیا جائے گا۔
ان تمام ادائیگیوں کے باوجود فاکنر نے اصرار کیا کہ انہیں اتنی ہی رقم آسٹریلیا کے اکاؤنٹ میں بھی بھیجی جائے یعنی انہوں نے دوسری پیمنٹ کا مطالبہ کیا۔
اب انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کردیا اور جمعہ کی دوپہر کو کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نا ہوئے تو وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔
پی سی بی نے جیمز فاکنر سے جمعہ کی دوپہر ان کا موقف جاننے کی کوشش کی، ان کے قابل مذمت اور ہتک آمیز رویے کے باوجود یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ پی سی بی ان کے تحفظات دور کرے گا۔
اس کے باوجود فاکنر نے اہم میچ میں کھیلنے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا کہ ان کے سفری انتظامات کا فوری بندوبست کیا جائے۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ ہفتے کی صبح اپنی روانگی سے قبل فاکنر نے جان بوجھ کر ہوٹل کی املاک کو نقصان پہنچایا اور پی سی بی کو نقصان کی ادائیگی کرنا پڑی۔
پی سی بی کو بعد ازاں امیگریشن حکام نے بھی اطلاع دی کہ فاکنر نے ایئرپورٹ پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور اہلکاروں سے بدتمیزی کی۔
اس تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ جیمز فاکنر کو پی ایس ایل کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔