کراچی پولیس سوتی رہی ، ڈاکوؤں نے ڈکیتیوں کی سنچری مکمل کرلی

عینی شاہدین کے مطابق پولیس جائے وقوعہ پر 25 منٹ تاخیر سے پہنچی، جبکہ ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔

صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی ڈاکوؤں کی جنت بن گیا۔ کراچی پولیس سوتی رہی جبکہ کورنگی کاز وے پر ٹریفک جام کے دوران ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کی سنچری مکمل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی  وارداتوں کو روکنے میں کراچی پولیس بری ناکام ہو گئی ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث 8 رکنی گینگ نے بیک وقت 100 سے زائد شہریوں کو لوٹ لیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں شہری کو ڈاکوؤں سے بچاتے ہوئے سینئر صحافی اطہر متین قتل

کمالیہ: زیادتی کا ملزم گرفتار، 6 روز لاپتہ طالبہ کا پولیس سراغ لگانے میں ناکام

عینی شاہدین کے مطابق پولیس جائے وقوعہ پر 25 منٹ تاخیر سے پہنچی، جبکہ ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد اسلحہ لہراتے ہوئے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کورنگی کاز وے ندی پر سیکڑوں گاڑیاں  ٹریفک میں پھنسی ہوئی تھیں۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے قریب ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر شہریوں سے قیمتی سامان اور موبائل فون چھین لیے۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے خواتین سے زبردستی ان کے زیورات بھی چھین لیے۔

ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا کاز وے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کورنگی کاز وے کے قریب لوٹ مار، اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں۔ جبکہ پولیس ان جرائم کو روکنے میں مکمل ناکام ہے۔

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت پر اسٹریٹ کرمنلز نے فائرنگ کرکے 4 شہریوں کو زخمی کردیا۔ سائٹ ایریا میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا جبکہ اسی طرح کا ایک اور واقعہ نیو کراچی میں صبا سینما کے قریب پیش آیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق گلشن اقبال بلاک 5 میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

ادھر ہارون آباد کے علاقے میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ 55 سالہ شخص کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔

ملیر ٹنکی بس اسٹاپ کے قریب ایک مبینہ ڈکیت کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

یاد رہے کہ 18 فروری کو نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب سما ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق سماء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر کو اس وقت گولی مار کر شہید کیا گیا جب انہوں نے اپنی کار سے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔

متعلقہ تحاریر