روس کا یوکرین پر حملہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو لے بیٹھا

100انڈیکس میں 1302پوائنٹس کی کمی ریکارڈ،2.8فیصد کمی سے مارکیٹ 43ہزار830 کی سطح پر بند ہوئی، تیل کی عالمی قیمت 105ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی،عالمی منڈی میں گندم 5.5فیصد مہنگی

روس کا یوکرین پر حملہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ سمیت عالمی تجارت کو لے بیٹھا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ1302پوائنٹس کی کمی کے باعث کریش کرگئی۔

روسی حملے کے بعد جاپان،آسٹریلیا،چین ،سنگاپور اور دیگر تجارتی ممالک کی مارکیٹوں میں 3فیصد تک  کمی ریکارڈ۔ تیل کی عالمی قیمت 105ڈالر کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی جبکہ اجناس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے

روس اور یوکرین کا تنازع، تیل کی قیمت 110 ڈالر تک پہنچنے کا خدشہ

سوئی سدرن گیس کمپنی 23 ارب کی نادہندہ نکلی، اکاؤنٹس منجمد

یوکرین  پر روسی حملے کے بعد سرمایہ کار غیریقینی صورتحال سے دوچار ہوگئے اور  پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دن بھر شدید مندی کا رجحان رہا۔کاروبار کے اختتام پر

100انڈیکس میں 1302پوائنٹس کی کمی  ریکارڈ کی گئی،مارکیٹ 44ہزار پوائنٹس کی حد بھی گنوا بیٹھی،2.8فیصد کی کمی  کے بعد کاروبار43ہزار 830پوائنٹس پر بند ہوا۔

تیل کی عالمی قیمت 105ڈالر تک جاپہنچی

دوسری جانب روس کا یوکرین پر حملہ عالمی تجارت کو بھی لے بیٹھا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ سونے کی فی اونس قیمت 16 ڈالر بڑھ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت 99.58ڈالر فی بیرل جبکہ برنٹ کروڈ کی قیمت 104.91 ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی ہے۔

عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں 3فیصد تک کمی ریکارڈ

روسی حملے کے بعد عالمی اسٹاک ایکسچینجز شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی ہیں، جاپان، آسٹریلیا، چین، سنگاپور اور دیگر اسٹاک ایکسچینجز میں 3 فیصد تک مندی دیکھنے میں آئی ہے۔

 

اجناس کی عالمی قیمتوں میں بھی اضافہ

 

بڑے زرعی ملک یوکرین پر  روسی حملے کے بعد عالمی سطح پر غلے کی قیموں میں بھی 5 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔عالمی منڈی میں گندم کی قیمت میں 5.5 فیصد، مکئی کی قیمت میں 4 فیصد اور سویابین کی قیمت میں 2 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔واضح رہے کہ یوکرین دنیا کی 40 فیصد گندم پیدا کرتا ہے جبکہ روس عالمی پیداوار کا 60 فیصد تیل پیدا کرتا ہے۔ دونوں میں ملکوں کے درمیان جنگ میں شدت آنے کی صورت میں تیل اور اجناس کی قیمتیں مزید اوپر جانے کا خدشہ ہے۔

کرپٹو کرنسی کی تجارت بھی شدید مندی کاشکار

یوکرین پر روسی حملے کے بعد کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ میں بھی شدید مندی ہوئی ہے اور بٹ کوائن کی قدر 6 فیصد سے زائد گر کر 35200 ڈالر کی سطح پرپہنچ گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر