پاکستان کرکٹ شائقین کے لیے ایک دن میں دو بڑی خوشخبریاں
ٹیم آسٹریلیا 6 ہفتوں پر مشتمل دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل سیزن سیون کا فائنل آج رات قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے آج دو بڑی خوشخبریاں ہیں، ایک جانب آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 سال پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کا فائنل آج لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز کے درمیان رات کو کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد اپنے پہلے دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہے ، کرکٹ آسٹریلیا کا یہ دورہ 6 ہفتوں پر محیط ہوگا۔ ٹیم آسٹریلیا کا تقریباً ایک چوتھائی صدی میں جنوبی ایشیائی ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا فائنل سے قبل رانا فواد کا نظر آنا لاہور قلندرز کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا؟
روسی ٹینس اسٹار کا دبئی چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے بعد جنگ روکنے کامطالبہ
کورونا ایس او پیز کے تحت ٹیم ایک روز تک بلبل سیکیور میں رہے جس کے بعد ٹیم کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ دو روز بعد ٹیم نیٹ پریکٹس کرسکے گی۔
2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے بعد متعدد ٹیموں نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ پاکستان سے معذرت کرلی تھی ۔ تاہم پاکستان نے سیکورٹی میئرمنٹ کے حوالے سے اپنی کوششوں کو جاری رکھا اور بالکل فریقین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ 5 سال قبل لاہور کے ایک چرچ پر خودکش حملے کے بعد آسٹریلیا نے اپنے دورے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
ٹیم آسٹریلیا نے اپنا آخری دورہ 1998 کو کیا تھا جس میں مہمان ٹیم نے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ایک صفر سے جیتی تھی اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں بھی ٹیم پاکستان کو شکست دی تھی۔
آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کا ٹوئٹ
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیم آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیو اسمتھ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم پہنچ گئے ہیں۔
Arrived in 🇵🇰 pic.twitter.com/pnis0ckFeO
— Steve Smith (@stevesmith49) February 27, 2022
ٹیم آسٹریلیا اپنے دورے کے دوران پاکستان کے خلاف پاکستان تین ٹیسٹ میچز، تین ون ڈے میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
پاکستانی وزارت داخلہ نے ٹیم آسٹریلیا کو غیرمعمولی سخت سیکورٹی فراہم کرتے ہوئے ان کی حفاظت کے لیے 4000 پولیس اور فوجی اہلکار کو تعینات کیا ہے۔ سیکورٹی اہلکار آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے لیے مختص ہوٹل اور کرکٹ اسٹیڈیم کی حفاظت پر معمور ہوں گے۔
ٹیم آسٹریلیا پاکستان کے خلاف اپنے دورے کا آغاز راولپنڈی میں 4 مارچ سے 8 مارچ تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے کرے گا۔
کھیل کی خبروں کے مطابق پاکستان کو اگلے 13 مہینوں میں آٹھ ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرنی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ٹوئٹ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹیم آسٹریلیا کے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام شیئر کیا ہے۔
آج کا دن کئی حوالوں سے یادگار ہے،وزیراطلاعات
آج23 سال بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی ہے
آج پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کا دن ہے@fawadchaudhry pic.twitter.com/UWBbMARw83— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) February 27, 2022
پی ایس ایل سیزن سیون کا فائنل
دوسری جانب آج ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا فائنل لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹیم سلطانز اپنے ٹائٹل کا دفاع کر پائے گی یا اس بار ٹرافی لاہور قلندرز کے ہاتھ میں آتی ہے اس کا فیصلہ رات کو ہوگا تاہم دونوں ٹیموں کے اسپورٹرز ابھی سے پرجوش ہیں۔
ٹیم قلندرز کے متوالے زندہ دلان لاہور اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں جبکہ ٹیم سلطانز کے چاہنے والے اپنی ٹیم کی فتح کے لیے سربسجود ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا فائنل آج کھیلا جارہا ہے ، 34 میچز پر مشتمل میگا ایونٹ دو مرحلوں پر مشتمل تھا پہلے مرحلے کے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جبکہ دوسرے مرحلے تمام میچز فائنل سمیت لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں۔