لاہور قلندرز پی ایس ایل 7 کی فاتح، ملتان سلطانز ڈھیر ہوگئے

قلندرز نے دفاعی چیمپیئن کو 42 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل فائنل جیت لیا، محمد حفیظ کے شاندار 69 رنز، سلطانز صرف 138 رنز بنا سکی۔

لاہور قلندرز کی سات سال بعد شاندار پرفارمنس، ملتان سلطانز کو 42 رنز سے ہرا کر پی ایس ایل چیمپیئن بن گئی، ہوم گراؤنڈ پر جیت نے مزہ دوبالا کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کا فائنل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 181 رنز کا ہدف دیا۔

محمد حفیظ نے 46 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بنائے جبکہ ہیری بروک نے 22 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے 3 جبکہ ڈیوڈ ولی اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

181 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم صرف 138 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

کپتان محمد رضوان کا بلا آج نہ چل سکا اور وہ 14 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

خوشدل شاہ نے 32 جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 27 رنز بنا کر اسکور کارڈ کو کچھ بہتر کیا۔

لاہور قلندرز سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ اور زمان خان نے 2 2 وکٹیں لیں۔

حارث رؤف اور ڈیوڈ ویز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ محمد حفیظ کو ملا جنہوں نے 69 رنز بنا کر لاہور قلندرز کے اسکور کارڈ کو سہارا لگایا تھا۔

متعلقہ تحاریر