پاکستانی بزنس مین جاوید آفریدی چیلسی فٹبال کلب کو خریدنے کی دوڑ میں شامل

روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد روسی ارب پتی تاجر ابرامووچ نے چیلسی کو فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔

کھیلوں کی معروف ویب سائٹ سویے میڈریسٹا نے بدھ کے روز اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے ممتاز بزنس مین جاوید آفریدی نے چیلسی کے مالک رومن ابرامووچ کی جگہ لینے کی تیاری شروع کردی ہے ، جاوید آفریدی نے چیلسی فٹبال کلب کو خریدنے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے بعد روسی ارب پتی تاجر رومن ابرامووچ نے چیلسی فٹبال کلب کو فروخت کرنے کی پیش کش کی ہے۔ یوکرین روس تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے پریمیئر لیگ کی دیگر ٹیموں کی جانب سے ابرامووچ پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز لیجنڈری اسپنرز کے نام سے منسوب

سوئنگ کے سلطان کا ٹوٹی ہوئی اسٹمپس کے حوالے سے دلچسپ سوال

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ابرامووچ کی آفر کے بعد پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک آفریدی نے اب دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال کلبوں میں سے ایک کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں بلومبرگ کے رپورٹر فصیح منگی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ بزنس مین جاوید آفریدی نے چیلسی فٹبال کلب کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

بزنس مین جاوید آفریدی کی قانونی ٹیم نے بدھ کے روز برطانیہ میں کھیل کی وزارت کے حکام اور قانونی ایجنسی کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق سرمایہ کاروں کے ایک اور گروپ نے چیلسی فٹ بال کلب کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

جاوید آفریدی اور ان کے سرمایہ کار گروپ کو سوئس ارب پتی ہنسجورگ وِس سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ روسی ارب تاجر ابرامووچ نے چیلسی فٹبال کلب کو 2003 میں خریدا تھا ، ابرامووچ نے چیلسی کو یورپ کی نمبر ایک ٹیم بنانے کے لیے انتھک محنت کی تھی۔

روسی ارب پتی تاجر ابرامووچ کے دور میں چیلسی فٹبال کلب نے پانچ پریمیئر لیگ ٹائٹل اور پانچ ایف اے کپ جیتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر