پی ٹی آئی نے سندھ ہاؤس میں کمروں کے حصول کے لیے خط لکھ دیا
سیکریٹری سندھ اسمبلی کو لکھے گئے خط کے مطابق پی ٹی آئی کے 26 ایم پی ایز کو 25 سے 28 مارچ تک کمرے فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو سندھ ہاؤس میں کمروں کے حصول کے لیے خط لکھ دیا۔
رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو لکھے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 26 ایم پی ایز کو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کمرے دیئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف کے بغیر قومی حکومت تشکیل دی جائے، شہباز شریف
لیگی رہنما جاوید لطیف کا حکومت گرانے کیلیے ہارس ٹریڈنگ کا برملا اعتراف
خط کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کو 25 سے 28 تاریخ تک کمرے چاہئیں۔ خط کے متن میں 28 مارچ کو پاکستان کی تاریخ کا سب سےبڑا دن قرار دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 28 مارچ کو حزب اختلاف جماعتوں کو تحریک عدم اعتماد پر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد کی منظوری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر سندھ اسمبلی میں ہی ٹی آئی اراکین کی جانب سے قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قرار داد جمع کرائی ہے۔
قرار داد کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کا مسئلہ پوری دنیا میں اٹھایا، حضور پاک صلی علیہ وآلہ وسلم ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔
قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 مارچ ہر سال اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی دن منانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قرارداد کی منظور ی پر تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو مبارکباد دیتے ہیں۔









