اسٹیل اسکریپ کی قیمت میں 28 فیصد اضافہ، قیمت 645 ڈالر میٹرک ٹن ہوگئی
مارچ کے آغاز سے قیمتوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ مارچ 2021 سے قیمتوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے

روس اور یوکرائن کے درمیان جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں اسٹیل اسکریپ کی قیمت میں اضافہ، رواں ماہ مارچ میں اسٹیل اسکریپ کی قیمت میں 28 فیصد اضافے کے بعد قیمت 645 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جے ایس گلوبل کے تحقیقی تجزیہ کار محمد وقاص غنی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جغرافیائی سیاسی مسائل کی وجہ سے گذشتہ کچھ دنوں میں اسٹیل اسکریپ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ مارچ کے آغاز سے قیمتوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ مارچ 2021 سے قیمتوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے، پاکستان میں قیمتیں مستحکم
یوکرین پر روس کے حملے سے عالمی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟
رپورٹ میں بتایا ہے کہ چین، جاپان اور روس، جو دنیا کے تین سب سے بڑےا سٹیل برآمد کنندگان ہیں، کو سپلائی چین میں خلل کے باعث چند ماہ سے اسٹیل کی قیمتوں پر دباؤ کا سامنا تھا جس میں مزید اضافہ روس اور یوکرین کی جنگ سے ہوا کیونکہ دونوں ممالک اسٹیل کے عالمی برآمد کنندگان ہیں۔
رپورٹ میں اسٹیل اسکریپ کی قیمتوں میں مزید اضافے کے اسباب کا زکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بحیرہ اسود اور بحیرہ ازوف کو مال بردار بحری جہازوں کے گزرنے کے لیے غیر محفوظ سمجھا جا رہا ہے جبکہ جنگی حالات کی وجہ سے خطے میں فضائی صلاحیت بھی محدود ہے اور سپلائی چین کے مسائل میں اضافہ ہو رہاہے جس کے بعد عالمی منڈی میں اسٹیل اسکریپ کی قیمت 645 ڈالر فی میٹرک تک پہنچ گئی ۔