میزائل حملے کے باوجود سعودی عرب گرینڈ پرکس وقت پر ہوگی

جدہ میں ریسنگ ٹریک کے قریب تیل کے ذخیرے پر حوثیوں نے میزائل حملہ کیا، سعودی حکام نے فارمولا ون عہدیداران کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی۔

سعودی عرب میں کار ریسنگ چیمپیئن شپ گرینڈ پرکس شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی، جدہ میں ایک ٹریک پر میزائل حملے کے بعد سعودی حکام کی گھنٹوں ہونے والی ملاقات میں شیڈول برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یمن کے حوثی باغیوں نے ریس ٹریک سے 9 میل دور تیل کے ذخیرے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس حملے کے بعد ریس کی پریکٹس ملتوی کی گئی اور تمام ٹیم مالکان اور ڈرائیورز کو فارمولا ون کے صدر اسٹیفانو ڈومینیکالی نے میٹنگ کیلیے طلب کرلیا۔

یہ میٹنگ چار گھنٹے تک جاری رہی جس میں متعدد سعودی حکام آتے اور جاتے رہے۔

حملے کے بعد بہت سے ڈرائیورز کو گرینڈ پرکس کی سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات تھے۔

ڈرائیورز کو تحفظات تھے کہ سعودی عرب کی ہائی پروفائل عمارت پر میزائل حملہ کے بعد اس کے قریب ریس کرنے میں خطرات ہوسکتے ہیں۔

پریکٹس سیشن کے بعد ڈرائیورز کے میڈیا سیشنز کو منسوخ کردیا گیا۔

فارمولا ون کی گورننگ باڈی کے صدر محمد بن سلیم نے کہا کہ وہ انفراسٹرکچر پر حملہ کر رہے ہیں، شہریوں پر نہیں اور ٹریک پر تو بالکل بھی نہیں کریں گے۔

ہم نے حقائق کا جائزہ لیا ہے اور اعلیٰ سطح سے یقین دہانی حاصل کی ہے کہ یہ محفوظ مقام ہے۔

اسی طرح کا ایک حملہ ریس سے پہلے اس وقت بھی ہوا تھا جب فارمولا ون کی افتتاحی تقریب بحرین میں جاری تھی۔

متعلقہ تحاریر