ارتھ آور منانے کیلیے ایک گھنٹے لائٹس بند رکھیں، چیئرمین سینیٹ
دنیا بھر میں آج رات ارتھ آور منایا جائے گا، صادق سنجرانی نے کہا کہ ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 تک لائٹس اور برقی آلات بند کردیئے جائیں۔

دنیا بھر میں سالانہ ارتھ آور آج رات منایا جائے گا، اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی ماحول کا تحفظ اور موسمیاتی تغیرات سے نمٹنا ہے۔
اس سال ارتھ آور کی تھیم ‘مستقبل کی تشکیل’ رکھی گئی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں میں رات ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک لائٹس سمیت تمام برقی آلات بند رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہم سب کی زندگی پر اثرانداز ہورہی ہے۔ اس لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے تاکہ انسانوں کے پیدا کردہ ان مسائل سے نبرد آزما ہوا جاسکے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان اپنے سیکرٹریٹ سمیت ارتھ آور کی بخوشی حمایت کر رہی ہے اور آئندہ سالوں میں بھی کرتی رہے گی۔
ہر سال دنیا بھر سے کروڑوں افراد اس عالمی ایونٹ کا حصہ بنتے ہیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پھیلائی جاسکے۔
ارتھ آور میں ایک گھنٹے کیلیے گھروں، دفاتر اور بازاروں کی لائٹس بند کردی جاتی ہیں۔
سب سے پہلے سڈنی میں موجود ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر نے اس دن کو منانے کا آغاز کیا تھا۔
بعد ازاں ارتھ آور ایک عالمی تحریک میں تبدیل ہوگیا اور ہر سال لوگ ایک مخصوص دن لائٹس بند کرکے یہ دن مناتے ہیں۔