8 ماہ میں ترسیلات زر 7.6 فیصد اضافے سے 20.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

رپورٹ کے مطابق فروری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 8.2 فیصد ریکارڈ کی گئی

وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے،  جس کے مطابق پہلے 8 ماہ میں ترسیلات زر 7.6 فیصد اضافے سے 20.1 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، ملکی برآمدات 28.1 فیصد اضافے سے 20.6 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔

ملکی درآمدات 49.1 فیصد اضافے سے 47.9 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 12.1 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا  جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری  6.1 فیصد اضافے سے 1.25 ارب ڈالر رہی۔ پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 904 ملین ڈالر ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیے

منی بجٹ کی آڑ میں حکومت نے 1100 اشیاء پر سیلز ٹیکس لگا دیا

منی بجٹ پاس، اپوزیشن فیل، اتحادی حکومت  کی  ڈھال بن گئے

رپورٹ کے مطابق مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1847 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ،  زرمبادلہ ذخائر مارچ کے تیسرے ہفتے تک 18.51 ارب ڈالر رہے، رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک 12 ارب 10 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.41 ارب ڈالر رہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈالر کی شرح تبادلہ 181.74 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ نے محصولات میں اضافے کو بھی اجاگر کیا ہے اور آٹھ ماہ میں ٹیکس ریونیو 30.4 فیصد اضافے سے 3802 ارب روپے رہا۔ جولائی تا جنوری نان ٹیکس آمدنی 16.7 فیصد کمی سے 783 ارب رہی ، وزرات خزانہ کی رپورٹ کے مطابق

جولائی تا فروری پی ایس ڈی پی کی مد میں 580.6 ارب روپے منظور کئے گئے  ۔جولائی تا جنوری مالیاتی خسارہ بڑھ کر 1862 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔ پہلے 8 ماہ میں زرعی قرضے 3.6 فیصد اضافے سے 835.3 ارب روپے کی سطح پر رہے، رپورٹ کے مطابق فروری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 8.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پہلے 8 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.5 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جنوری میں 8.2 فیصد رہی ، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے جنوری کے دوران 7.6 فیصد رہی، رپورٹ کے مطابق اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 43 ہزار 523 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

متعلقہ تحاریر