ایم کیو ایم (لندن) کی تنظیمی سرگرمیاں بحال، رابطہ کمیٹی کے رکن بھی نامزد
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مصطفیٰ عزیز آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفا پرست کارکن مومن خان اور کنور خالد سے رابطے میں رہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الطاف حسین کی زیر قیادت ایم کیو ایم (لندن) نے پانچ سال بعد کراچی میں اپنی تنظیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
پارٹی نے دو سینئر رہنماؤں کو رابطہ کمیٹی کا رکن بھی نامزد کر دیا ہے جو کہ تنظیم کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ اسمبلی:طلبہ یونین کی بحالی کا تاریخی بل متفقہ طور پر منظور
الطاف حسین کی بریت، عامر لیاقت حسین کی خوشی پر پی ٹی آئی ناراض
لندن میں رہائش پذیر ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی کی طرف سے ڈان کو بھیجے گئے بیان کے مطابق سابق ایم این اے کنور خالد یونس اور پاکستان میں مقیم بزرگ رہنما مومن خان مومن کو رابطہ کمیٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر اور ڈپٹی کنوینر بنایا گیا ہے۔
مصطفیٰ عزیز آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنما ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنان کے مقدمات کی پیروی کریں گے اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلیے بھی پیشرفت کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آئندہ دنوں میں تنظیمی ڈھانچے کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا کہ ‘وفا پرست’ کارکن کنور خالد یونس اور مومن خان سے رابطے میں رہیں۔
دریں اثنا اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی تقاریر پر غیر آئینی اور غیر قانونی پابندی کے خلاف لندن سے سپریم کورٹ کو ایک پٹیشن بھی ارسال کر دی ہے۔