کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے انڈس ویلی کی طالبات کے پالتو کتوں کو زہر دیدیا
کتے کتیا کی جوڑی اور ان کے 4 بچے انڈس ویلی اسکول سے متصل پارک میں موجود تھے،کتے تربیت یافتہ اور راہ گیروں کیلیے بے ضرر تھے، طالبہ

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے حکام نے کتوں کو مارنے کی حالیہ لہر کے دوران انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچرکی طالبات کے پالتو کتوں کو بھی زہر دے دیا ۔
انڈس ویلی اسکول کی طالبہ نے نیوز 360کو بتایا کہ ان کے ساتھیوں کے ایک گروپ نے آوارہ کتوں کی دیکھ بھال کا پروگرام شروع کیا تھا جس کے تحت ان کتوں کی ویکسی نیشن اور خطرناک دانت نکلوانے کے بعد انہیں راہ گیروں کے لیے بے ضرر بنادیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
خونخوار درندوں کو بطور پالتو جانور رکھنے پر پابندی ہونی چاہئے، سوشل میڈیا صارفین
حرا مانی اور صبا قمر نے اپنے پالتو جانور متعارف کرادیے
طالبہ نے بتایا کہ انہوں نے کتے اور کتیا کی جوڑی پالی ہوئی تھی جن کے 4 چھوٹے بچے بھی تھے، طالبہ کے مطابق کتوں کی تمام ضروری ویکسی نیشن بھی مکمل تھی، نشانی کے طور پر گلے میں پٹے ڈلے ہوئے تھے جبکہ انسانوں کو حملوں سے بچانے کیلیے ان پالتو جانوروں کے خطرناک دانت بھی نکالے جاچکے تھے۔
طالبہ کے مطابق کتوں کی جوڑی اور ان کے بچے ہر طرح سے محفوظ اور مکمل تربیت یافتہ تھے، کتوں کی جوڑی انڈس ویلی اسکول سے متصل پارک تک محدود تھی ، ان کتوں کی اس طرح تربیت کی گئی تھی کہ وہ پارک سے باہر ہی نہیں آتے تھے۔
طالبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے اہلکاروں نے پالتو کتوں کو زہر آلود خوراک دی جسے کھاکر وہ تڑپ تڑپ کر مرگئے ۔









