ترکی کے شہری کا 86 واں کورونا ٹیسٹ منفی آگیا
مظفر کیاسن نامی شخص لیوکیمیا میں مبتلا ہے، 16 مہینے کورونا وائرس سے لڑتا رہا، 85 کورونا ٹیسٹ مثبت آئے لیکن بلآخر کورونا کو شکست دیدی۔

مظفر کیاسن ترکی کے وہ شہری ہیں جو کہ سب سے طویل عرصے تک کورونا وائرس میں مبتلا رہے، لیکن بلآخر اب انہوں نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔
اُن کا مہینوں طویل قرنطینہ اس ہفتے منگل کو ختم ہوا جب ان کا کورونا وائرس کا 86 واں ٹیسٹ منفی آیا۔
56 سالہ مظفر کا سنہ 2020 سے اب تک 85 مرتبہ کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ 16 مہینے تک اپنے گھر اور اسپتالوں میں رہے۔
مظفر لیوکیمیا کے مریض ہیں اور انہیں نومبر 2020 میں کورونا وائرس ہوا تھا جس کے بعد وہ اسپتال داخل ہوگئے تھے۔
انہیں مختصر علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا لیکن وہ استنبول میں واقع اپنے گھر میں تنہائی اختیار کرتے ہوئے مکمل بحالی کا انتظار کر رہے تھے۔
اس دوران انہوں نے کورونا کے 85 ٹیسٹ کروائے اور وہ تمام کے تمام مثبت آئے۔ انہوں نے کُل 470 دن اسپتال اور گھر پر قرنطینے میں گزارے۔
مظفر کی دلچسپ روداد نے دنیا کی توجہ بھی حاسل کی، دنیا کے مختلف ممالک کے سائنسدانوں نے ان سے رابطہ کیا اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے صباح نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس کے دنوں میں اپنے 4 مہینے کے پوتے اور ایک سال کی پوتی کو گَلے تک نہیں لگایا۔
وہ صرف اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو کھڑکی سے دیکھا کرتے تھے۔ مظفر کو اس بات پر افسوس تھا کہ کورونا نے ان کی زندگی کے 16 قیمتی مہینے چھین لیے۔
ڈاکٹرز نے مظفر کو بتایا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ بار بار اس لیے مثبت آرہا ہے کیونکہ لیوکیمیا کی وجہ سے ان کے جسم کا مدافعتی نظام بہت کمزور ہوچکا ہے۔









