سی ٹی ایف 151 کی کمانڈ دسویں بار پاک بحریہ کے سُپرد
کموڈور احمد حسین نے اردن کی بحریہ کے افسر سے کمانڈ کی ذمہ داری لی، تبدیلی کمان کی تقریب امریکی نیول سینٹ کام ایچ کیو بحرین میں ہوئی۔

پاک بحریہ نے دسویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس -151 کی کمان سنبھال لی۔ تبدیلیِ کمان کی تقریب کا انعقاد امریکی نیول سنٹرل کمانڈ ہیڈکوارٹرز (بحرین) میں کیا گیا۔
پاک بحریہ کے کموڈور احمد حسین نے اردن کی رائل بحریہ کے کرنل محمد اسماعیل التراونی سے کمانڈ کی ذمہ داری سنبھالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس کموڈور احمد حسین نے کہا کہ ان کی ٹیم اس اہم ذمہ داری کو سر انجام دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے اسی جوش وجذبے کے ساتھ آپریشنز کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ فورس کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرِ نگرانی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
سی ٹی ایف -151 کا مشن میری ٹائم سیکیورٹی، بحری قزاقی روکنا، سمندر میں دہشتگردی کی روک تھام اورسمندر سے ہونے والی تجارت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی اور دیگر شراکت داروں کے مابین روابط اور تعاون فراہم کرنا ہے۔
پاک بحریہ کواس سے قبل 9 مرتبہ سی ٹی ایف -151 کو کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
اسی سال پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمانڈ بھی بارہویں مرتبہ سنبھالی۔
پاک بحریہ کو اپنے دیگر شراکت داروں میں دو ٹاسک فورسز کو بیک وقت کمانڈ کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔
تبدیلیِ کمانڈ کی تقریب میں اردن اور پاکستان کے سفیروں سمیت دیگر ممالک کے سول اور عسکری حکام اور نیول افسران نے بھی شرکت کی۔









