سرسید یونیورسٹی کے اساتذہ نے 70 خاندانوں میں راشن تقسیم کردیا
شعبہ سول انجینئرنگ کے اساتذہ نے سرجانی، منگھوپیر اور سلطان آباد کے علاقوں میں راشن تقسیم کیا، آٹا، چینی، چاول اور دیگر اشیا شامل۔
سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اساتذہ اور طلبہ نے درجنوں مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کے درمیان راشن تقسیم کر کے مثال قائم کر دی۔
سر سید یونیورسٹی کے شعبہ سول انجیئرنگ میں تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے منیر انیس، زبیر اقبال راؤ اور یاسر ذہین سمیت دیگر اساتذہ نے مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا۔
گزشتہ روز اساتذہ کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوا ہے۔
پہلے مرحلے میں منگھوپیر، سلطان آباد اور سرجانی کے علاقوں میں موجود 70 ضرورت مند خاندانوں کو راشن عطیہ کیا گیا۔
انجینئر منیر انیس نے نیوز 360 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راشن بانٹنے کا پہلا مرحلہ تین دن جاری رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 600 کلو آٹا، 150 کلو چاول، 100 کلو دالیں، 100 کلو چینی، 70 کلو کھانے کا تیل، 40 کلو کھجوریں تقسیم کی جاچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستحق گھرانوں کے بچوں کا خاص خیال رکھا گیا اور ان کیلیے 15 کلو ٹافیاں بھی بانٹی گئیں۔
منیر انیس نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے مستحق خاندانوں میں روزمرہ ضرورت کا راشن تقسیم کر رہے ہیں۔