ایم پی اے آسیہ امجد پولیس تشدد سے کومے میں چلی گئیں

پی ٹی آئی عہدیدار حسان خاور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بلانے پر پولیس آئی اور آسیہ پر تشدد کیا۔

پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن حسان خاور نے ٹویٹ کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی آسیہ امجد کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ شدید بیماری کی حالت میں اسپتال کے بستر پر ہیں۔

حسان خاور نے بتایا کہ پچھلے دنوں پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں پولیس نے آسیہ امجد پر تشدد کیا جس کے بعد وہ کومہ میں چلی گئیں۔

تحریک انصاف کے عہدیدار نے الزام لگایا کہ خاتون ایم پی اے پر اس وقت تشدد ہوا جب ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے پولیس کو اسمبلی کے اندر بلایا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت اور متعلقہ ادارے اس واقعے کا نوٹس لے کر ایم پی اے آسیہ امجد کو انصاف دلوائیں گے۔

یاد رہے کہ چند دن قبل وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹنگ سے قبل ایوان میں خوب ہنگامہ آرائی ہوئی۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے ایوان میں لوٹے لے کر آگئے اور ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کر دیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پولیس اہلکاروں سمیت لیگی اراکین اور ڈپٹی اسپیکر پر بھی تشدد کیا۔

اب حسان خاور نے بتایا ہے کہ پولیس کے تشدد کی وجہ سے پی ٹی آئی ایم پی اے آسیہ امجد کو اتنی چوٹیں آئیں کہ وہ کومے میں جا چکی ہیں۔

متعلقہ تحاریر