مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران نے نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا

ویٹرنز آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا جس میں نگران حکومت قائم کرنے اور 90 دن میں نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس کا اعلامیہ جاری۔

افواجِ پاکستان کے ریٹائرڈ افسران کی تنظیم ‘ویٹرنز آف پاکستان’ کی طرف سے ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ویٹرنز آف پاکستان کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اضلاس بلایا گیا جس میں پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ ماحول میں بہت زیادہ تضادات پیدا ہوگئے ہیں۔

ملکی سیاست، ریاستی اداروں اور عوام پر اس کے غیر ارادی نتائج ہوسکتے ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ قابل توجہ بات یہ ہے کہ تعصبی اور تنگ نظر قوتیں موجودہ صورتحال کو اپنا ایجنڈا پھیلانے کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔

ویٹرنز آف پاکستان نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سفارتی کیبل میں کھلی مداخلت کا ثبوت موجود ہے، ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے اندرونی معاملات کیلیے غیرسفارتی زبان استعمال کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق مسلح افواج کے سابق افسران کا کہنا تھا کہ سفارتی کیبل میں لکھے گئے ہتک آمیز الفاظ نے پاکستان کی قیادت اور خودمختاری کو نقصان پہنچایا۔

ویٹرنز آف پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ سیاسی اتحاد میں وہ افراد اور جماعتیں شامل ہیں جن کا ایجنڈا اختلافات پیدا کرنے سے کہیں آگے جا کر قومی بیانیے میں تقسیم در تقسیم پیدا کرنا ہے۔

حالیہ بحران کا واحد حل یہ ہے کہ نگران حکومت کا اعلان کیا جائے اور 90 دن میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کروائے جائیں۔

پاکستان کے سیکیورٹی حکام ملک کو درپیش خطرات کا جائزہ لیں جو کہ ہائبرڈ وارفیئر کی صورت میں موجود ہیں اور ملک کو اندر سے تباہ کرسکتے ہیں۔

اس سلسلے میں ویٹرنز آف پاکستان سیکیورٹی سے متعلق مسلسل شائع ہونے والے اخبارات کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ویٹرنز آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں اور قوم سے اپیل کی کہ وہ قومی سلامتی کے اس خطرے کے خلاف باہر نکلیں اور ملکی اتحاد اور قیادت کو درپیش خطرناک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

متعلقہ تحاریر