پی ٹی آئی تمام رکاوٹوں کے باوجود سی ویو پر منی جلسہ کرنے میں کامیاب

کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے سی ویو پر جمع ہوکر لاہور جلسہ براہ راست دیکھا، پروگرام کے اختتام پر پولیس کا دھاوا،گاڑیاں ضبط ،متعدد کارکنان گرفتار کرلیے

سندھ حکومت او ر ڈی ایچ اے انتظامیہ کی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف کراچی سی ویو پر منی جلسہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔تحریک انصاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سی ویو پر جمع ہوئی  اور بڑی اسکرین پر لاہور جلسہ براہ راست دیکھا۔

سندھ پولیس اور ڈی ایچ اے انتظامیہ نے  پہلے سی ویو پر میکڈونلڈ کے قریب  لاہور جلسہ براہ راست دکھانے کیلیے اسکرین لگانے کی اجازت دینے سے  انکار کیا بعدازاں   پولیس نے پی ٹی آئی کی گاڑیاں ضبط کرلیں اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

گزشتہ روز تحریک انصاف کے لاہور جلسے کو براہ راست دکھانے کیلیے سی ویو پر اسکرین نصب کی گئی۔تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد سی ویو پر منی جلسہ میں جمع ہوگئی اور بڑی اسکرین پر براہ راست  جلسہ دیکھا۔

اس سے قبل سندھ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو سی ویو میکڈونلڈ پر اسکرین لگانے کی اجازت نہ ملنے پر ارکان اسمبلی  اور کارکنوں نے   احتجاج کیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے سندھ حکومت  کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

بعدازاں پروگرام کے اختتام  پر سندھ پولیس   نے سی ویو سے تحریک انصا ف کے رہنماؤں کی گاڑیاں ضبط کرلیں۔اس موقع پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرکے صدر،درخشاں اور آرام باغ تھانے  منتقل کردیا۔بعدازاں  پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی خرم شیر زمان، بلال غفار، راجہ اظہر، ریاض حیدر، اسلم خان  و دیگر  تھانے پہنچ  گئے۔

سندھ اسمبلی میں  پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے  پولیس کے رویے کی شدید مذمت کی۔خرم شیر زمان نے کہا کہ پولیس کی بدمعاشی ناقابل برداشت ہے،جیالی پولیس نے پروگرام کے اختتام پر بدمزگی کی منصوبہ بندی پہلے کر رکھی تھی، پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنان کوہراساں کیا،پولیس نے پی ٹی آئی کی گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا ہے،پولیس مراد علی شاہ کے حکم پر کارکنان کیخلاف کاروائیاں کررہی ہے،آئی جی سندھ واقعے کا نوٹس لیں۔

متعلقہ تحاریر