پنجاب میں ڈیزل کی فروخت بند، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

کسان اتحاد کے عہدیدار نے کہا کہ ڈیزل نہ ملنے کی وجہ سے گندم کی کٹائی نہیں ہورہی، ڈی جی آئل آفس کے ذرائع نے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے۔

صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیزل کی قلت، پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، اطلاعات کے مطابق پنجاب میں ڈیزل کی فروخت بند کر دی گئی ہے۔

پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مطابق نجی کمپنیز نے ڈیزل کی ترسیل روکی ہے، قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ سے پیٹرول کمپنیاں تیل فراہم نہیں کر رہیں۔

پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل ہونے کا امکان ہے، اس کے باعث ڈیزل نہیں منگوایا۔

کسان اتحاد کے مرکزی جنرل سیکٹری نے کہا کہ ڈیزل کی فراہمی نہ ہونے سے گندم کی فصل متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گندم کی کٹائی کرنی ہے اور ٹریکٹر میں ڈالنے کے لیے ڈیزل دستیاب نہیں ہے۔

دوسری طرف ڈی جی آئل آفس نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے۔

صوبائی چیف سیکرٹریز کو ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈی جی آئل آفس کے ذرائع نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ڈیزل فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی گئی ہیں۔

متعلقہ تحاریر