ایوب کابینہ کے وزیر خارجہ کا نواسہ ملک کا وزیر خارجہ بن گیا
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں آصف زرداری، صنم بھٹو اور آصفہ بھٹو کی بھی شرکت۔
رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق صدر آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیے
ماریہ بی کا عید الفطر پر اپنے صارفین کیلیے خاص تحفے کا اعلان
سابق صدر پاکستان جنرل ایوب خان کی وفاقی کابینہ میں ذوالفقار علی بھٹو وزیر خارجہ تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37ویں وزیر خارجہ بن گئے
آج ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر خارجہ کا حلف لے چکے ہیں۔
بلاول بھٹو کی حلف برداری میں ان کی خالہ صنم بھٹو نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے 12ویں وزیرخارجہ تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، سات ماہ اور چھ دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیرخارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کے وقت عمر 35 برس، پانچ ماہ اور 10 دن جبکہ حنا ربانی کھر کی عمر 33 سال، آٹھ ماہ اور ایک دن تھی۔