شین واٹسن کو 21ویں سالگرہ پر شعیب اختر نے کیا تحفہ دیا ؟

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر نے 20سال قبل اپنی سالگرہ کے دن شعیب اختر کی 100میل فی گھنٹہ کی رفتار سےکرائی گئی تاریخ کی تیز ترین گیند کا سامنا کیا تھا

کرکٹ آسٹریلیا نےسابق آل راؤنڈر شین واٹسن کو  20 سال قبل ان کی 21 ویں سالگرہ  پر روالپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی جانب سے دیا گیا”تحفہ “یاد دلادیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 20 سال قبل پاک آسٹریلیاون ڈے سیریز کے دوران پیش آئے ایک یادگارواقعے کی وڈیو اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شاہد آفریدی نے عالمی میگا اسٹارز کرکٹ لیگ لانچ کردی

مینز ہاکی ایشیا کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

وڈیو میں پاکستانی اسپیڈاسٹار شعیب اختر  کو آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ آسٹریلوی بلے باز نے اس گیند کو اپنی 21 ویں سالگرہ کا یادگار لیکن شاندار لمحہ قرار دیا ہے۔

شین واٹسن نے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین  گیندکا ویڈیو کلپ اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا جسے کرکٹ آسٹریلیا نے 27 اپریل کو اپ لوڈ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ میری 21ویں سالگرہ منانے کا کیا طریقہ  تھا، شعیب اختر کی 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینکی گئی گیند بہت اچھی اور بہت تیز تھی!!۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے 20 سال قبل 27 اپریل کو 100 میل فی گھنٹہ کی  رفتار سے تیز ترین گیند کراکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا نے  اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ20سال پہلے کا وہ دن جب شعیب اختر 100 میل فی گھنٹہ  کی حد کو توڑنے والے  پہلے باؤلر بنے تھے،آسٹریلوی ساحلوں پر کی گئی ان کی خطرناک ترین گیند کو ہم نے اپنی آرکائیوز سے تلاش کیا ہے۔

شعیب اختر نے شین واٹسن کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں میں بھی اس وقت صرف 26 سال کا تھا۔ یادگار سیریز، وقت کیسے اڑتا ہے۔

سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل بیون نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے لکھا جب شعیب اختر نے یہ گیند کرائی تو میں وکٹ کی دوسری جانب موجود تھا۔

جنوبی افریقا کے سابق مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ولیئرز نے لکھا کہ  او مین! مجھے اب تک وہ ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر