جعلی ویڈیوز بنا کر عمران خان کیخلاف مہم کی تیاری جاری

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے خبردار کردیا، کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کیلیے توہین مذہب کے قانون کو استعمال کررہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی، انہوں نے کہا کہ حکومت توہین مذہب کے قانون کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک پاکستان میں کبھی کسی حکومت نے ایسا نہیں کیا جو کہ موجودہ حکومت کر رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سے پہلے فرقہ وارانہ اور مذہبی سیاست کرنے والے ایسا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

یوم مزدور: پاکستانی مزدوروں کو کب اپنا حکمران دیکھیں گے؟

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس کا وزیر قانون اور وزیر داخلہ فاتحانہ انداز میں بتا رہا ہے کہ ہم نے اپوزیشن کے خلاف توہین مذہب کے قوانین استعمال کیے ہیں۔

 

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کردارکشی کرنے کیلیے ایک مذموم مہم شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی ویڈیوز اور آڈیوز کے ذریعے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پارٹی قیادت سے بدظن کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایسا ہوا ہو، 2018 میں ایک خاتون کو پیسے دیئے گئے اور انہوں نے کتاب لکھی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے بھی شیخ رشید کی وگ اتارنے والے کیلیے انعام کا اعلان کرکے بہت غلط مثال قائم کی ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس قسم کی حرکتوں سے اور حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے ملک میں ایک الگ قسم کا طوفان بدتمیزی شروع ہوجائے گا۔

متعلقہ تحاریر