فاکس نیوز کی ویڈیو امریکی سازش کا ثبوت ہے، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی نے فاکس نیوز پر ہونیوالے پروگرام کی ویڈیو شیئر کی جس میں تجزیہ کار نے کہا کہ پاکستان کو امریکا مخالف پالیسیز ختم کرنا ہونگی۔
امریکی چینل فاکس نیوز پر ایک تجزیہ کار ربیکا گرینٹ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یوکرین کی مدد کرنا ہوگی اور روس سے معاہدے ختم کرنا ہوں گے۔
ربیکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ تعلقات کم کرنے ہوں گے اور امریکا مخالف پالیسیوں کو بھی ختم کرنا ہوگا۔
If anyone had any doubts abt US regime change conspiracy this video should remove all doubts as to why a democratically elected PM & his govt were removed. Clearly the US wants an obedient puppet as PM who will not allow Pak choice of neutrality in a European war; pic.twitter.com/rqFW8yQRvZ
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 2, 2022
امریکی تجزیہ کار نے کہا کہ امریکا مخالف پالیسیز کی وجہ سے کچھ دن پہلے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان امریکا مخالف پالیسیاں ختم کرے اور روس سے تعلقات ختم کرے۔
تحریک عدم اعتماد کا نشانہ بننے والے سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو بھی شکوک و شبہات ہیں کہ میرے خلاف امریکی سازش ہوئی تو اس ویڈیو سے اس کے سارے شک دور ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہے کہ امریکا ایک فرمانبردار کٹھ پتلی وزیراعظم چاہتا ہے جو کہ یورپی جنگ میں پاکستان کو غیر جانبدار نہیں رہنے دے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ایسا وزیراعظم جو امریکی مطالبات کی بجاآوری کرے گا، جو روس سے معاہدے نہیں دستخط کرے گا اور جو چین کے ساتھ ہماری اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو نقصان پہنچائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک وزیراعظم پاکستان کی خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی نافذ کرتا ہے تو اسے ہٹا دیا جاتا ہے اور ایک تابعدار شہباز شریف جیسا وزیراعظم لایا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ واشنگٹن میں ہمارے نمائندے کو امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے سائفر میسج بھیجا جس سے ملک میں حکومت کی تبدیلی کے پیچھے امریکی سازش واضح ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک کمیشن تشکیل دیں اور اس سازش میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف عوامی سماعت کریں۔