عمران خان کا پہلا جلسہ ہونے سے پہلے انکوائری کمیشن کا اعلان ہوگیا
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے گا، صبح دوپہر شام کا تماشہ بند ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بیرون ملک سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیشن خودمختار ہوگا، عوام کے سامنے فیصلہ کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، یہ گوگی بچاؤ تحریک جاری ہے۔
انہوں نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اتحادی اور 23 ممبران آپ کو چھوڑ چکے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سازش پر انکوائری کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کا سربراہ ایسا ہی شخص ہوگا جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری امریکی میڈیا کی خبر شیئر کرنے سے پہلے تاریخ پڑھ لیتے۔
پاکستان ایئر اسپیس کے حوالے سے سی این این پر رپورٹ اکتوبر 2021 میں شائع ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تمام الزام تراشیاں پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلیے کی جارہی ہیں۔
الزام لگانے والے کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، اب صبح، دوپہر شام کا تماشہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صرف وہ کمیشن مانیں گے جو فرح کو بچا لے۔