عمران خان نے ایک مرتبہ پھر جانور کے نیوٹرل ہونے کا ذکر کر دیا

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد آنے سے رانا ثنااللہ بھی نہیں روک سکتا، سب بتا دیں غلامی قبول نہیں، یہ نیازی کہتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک زندہ ہوں میانوالی کو نہیں بھول سکتا، 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جانے سے نا کوئی کنٹینر آپ کو روکے گا نا ہی رانا ثنا اللہ، جوتے پالش کرنے والا چیری بلاسم بھی آپ کو نہیں روک سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اچھا لگتا ہے جب یہ ڈاکو مجھے نیازی کہہ کر پکارتے ہیں۔

عمران خان نے کہا تم غلام ہو، ہم غلام نہیں ہیں، دوستی سب سے کریں گے لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر کل موٹروے پر حملہ کروایا گیا، پی ٹی آئی کے کسی بھی کارکن کو ہاتھ لگایا تو تین مسخرے اور ان کے ہینڈلر ذمہ دار ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ میانوالی میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا، اسلام اباد میں احتجاج پرامن ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد کے احتجاج میں عورتیں اور بچے بھی شرکت کریں گے، روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کے بعد عوامی ردعمل کے آپ خود ذمہ دار ہونگے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد آ کر بتادیں غلامی نامنظور ہے، الیکشن کروائے جائیں۔

ایک مرتبہ پھر انہوں نے دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے کارکنان اور حامیوں کو اکسایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ضمیر فروش کسی بھی حلقے میں آئیں تو آپ ان کا بندوبست کر دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان ضمیر فروشوں کو سبق سکھا دیں تا کہ یہ ساری زندگی ووٹ اور ضمیر بیچنے سے ڈریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حق اور باطل کی لڑائی میں حق کا ساتھ دینا اللہ کا حکم ہے، نیوٹرل جانور ہوتا ہے انسان نہیں۔

متعلقہ تحاریر