قندیل بلوچ کے بعد ایک اور ماڈل بھائی کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل

اوکاڑہ کی رہائشی سدرہ تعلیم کیلیے فیصل آباد میں مقیم تھی، ڈھائی سال سے چوری چھپے ماڈلنگ کررہی تھی، بھائی حمزہ نے حقیقت کا علم ہونے پر ماڈلنگ سے روکا تو دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، ملزم نے باپ کی پستول سے فائرنگ کردی،ملزم گرفتار،اعتراف جرم کرلیا

قندیل بلوچ کے بعدپنجاب سے تعلق رکھنے والی  ایک اور ماڈل  کو سگے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا۔22سالہ سدرہ فیصل آباد میں ماڈلنگ کرتی تھی اور والدین کے ساتھ عید منانے اوکاڑہ آئی تھی۔

پولیس  نے مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم بھائی کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

قندیل بلوچ کے قاتل کی بریت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

کیا حریم شاہ دوسری قندیل بلوچ بن سکتی ہیں؟

پولیس کے مطابق  مقتولہ کا بھائی حمزہ اسے ماڈلنگ کرنے سے منع کرتا تھا ، واقعے سے ایک دن قبل دونوں بہن بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی  جس پرملزم حمزہ نے اپنے والد کے پستول سے فائرکرکے سدرہ کوقتل کردیا۔

واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سٹی رینالہ خورد میں درج کیا گیا پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

دریں اثنا پولیس نےسدرہ  قتل کیس کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی  ہیں۔تحقیقات کے مطابق  22سالہ ماڈل سدرہ حصول تعلیم کیلیے فیصل آباد میں رہائش پذیر تھی اور وہاں گھر والوں سے چوری چھپے ماڈلنگ کر رہی تھی۔

پولیس کے مطابق حمزہ کو ڈھائی سال بعد معاملے کا علم ہوا تو اس  نے سدرہ کو ماڈلنگ سے منع کیاجس پر دونوں بہن بھائیوں میں تلخ کلامی ہو گئی،اس پر حمزہ نے طیش میں آکر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔مقتولہ  سدرہ کو پوسٹ مارٹم کے بعد  گاؤں کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اقبال جرم کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ملزم کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیت فریحہ الطاف نے ماڈل سدرہ  کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے  دوسری قندیل بلوچ قراردے دیا۔فریحہ ادریس نے مقتولہ کی تصویر کے ساتھ واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ قتل میں کوئی غیرت نہیں ہوتی۔قتل میں صرف خوف ہوتا ہے۔

متعلقہ تحاریر