فرح گوگی نے گمراہ کن الزامات پر عطا تارڑ کو قانونی نوٹس بھیج دیا
ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں عطا تارڑ سے فرح گوگی سے سات روز کے اندر غیرمشروط طور معافی مانگنے کی شرط رکھی گئی ہے دوسری صورت میں 5 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔
ایک جانب سابق خاتون اول کی قریبی سہیلی فرحت شہزادی المعروف فرح گوگی نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ کو کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر 5 ارب روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا ہے وہیں دوسری جانب انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ رواں ماہ دبئی سے واپسی کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
فرح گوگی کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں 5 ارب روپے کا قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے ۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عطا تارڑ سات روز کے اندر فرح گوگی سے معافی مانگیں یا پھر ان کے خلاف 5 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا معاملہ ، کیا فیصلہ 14 مئی تک آجائے گا؟
عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد کی جانب مارچ کا عندیہ دے دیا
قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ عطا تارڑ کے جھوٹے الزامات کی وجہ سے میری موکلہ فرح گوگی کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔
قانونی جنگ شروع
فرح خان نے لیگی رہنما عطا تارڑ کو کرپشن سمیت دیگر الزامات عائد کرنے پر پانچ ارب روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا ،،،،فرح خان نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے لیگل نوٹس بھیجا
سات روز میں معافی مانگی جائے اور بیان واپس کیا جائے متن pic.twitter.com/8izdxBcN9B— Arshad Ali (@ArshadAliUmar) May 7, 2022
ن لیگی رہنما نے کیا الزامات عائد کیے تھے؟
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عثمان بزدار بے اختیار وزیراعلیٰ تھے اصل حکومت تو فرح گوگی چلاتی تھیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے فرح گوگی کو 32 کروڑ کا فائدہ پہنچایا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ فرحت شہزادی المعروف فرح گوگی کے پاس 32 کروڑ روپے کی کوئی منی ٹریل موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مختلف میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) نے فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے خلاف نامعلوم ذرائع سے آمدن سے زائد غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کو ہدایت کی ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے خلاف آمدن سے زائد غیر قانونی اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کریں۔ ڈی جی نیب لاہور کو مختلف کاروباروں کے نام پر مختلف اکاؤنٹس کی مکمل انکوائری کا حکم دیا گیا۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول کی سہیلی فرح گوگی اپنے شوہر احسن جمیل گجر کے ہمراہ 10 مئی کو دبئی سے وطن واپس آرہی ہیں جہاں وہ اپنے خلاف نیب انکوائری کا سامنا بھی کریں گیں اور عطا تارڑ کے خلاف قانونی جنگ بھی لڑیں گیں۔