پشاور: مریم نواز کی جعلی وڈیو شیئر کرنے پر پی ٹی آئی کا کارکن گرفتار
ملزم نے جنسی طور پر واضح، قابل اعتراض اور من گھڑت ویڈیو نشر کرکے متاثرہ خاتون کی عزت کو داغدار کرنے کی کوشش کی ہے،ایف آئی آر
ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ سوشل میڈیا پر سیاسی شخصیات کی کردار کشی کرنے والوں کیخلاف حرکت میں آگیا۔سائبر کرائم ونگ نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے مریم نواز کی جعلی وڈیو کی تشہیر میں ملوث تحریک انصاف کے کارکن کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم فیاض الدین نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جعلی وڈیو کی تشہیر کی تھی۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ ایف آئی اے کے سب انسپکڑ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کنول شوزب کا صحافی رضوان رضی کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع
ہتک عزت کیس، ایف آئی اے نے نادیہ خان کو بری کردیا
ایف آئی آر کے مطابق ملزم فیاض الدین ولد اشراق الدین پشاور کے علاقے وارسک روڈ کا رہائشی ہے۔ ملزم نے جنسی طور پر واضح، قابل اعتراض اور من گھڑت ویڈیو نشر کرکے متاثرہ خاتون کی عزت کو داغدار کرنے کی کوشش کی ہے۔
ملزم فیاض سرٹیفائیڈ فٹنس ٹرینر ہے جو فروری 2010 سے ہرکیولس شیڈو نامی ٹوئٹر ہینڈل چلا رہا تھا۔ملزم نے ٹوئٹر پروفائل پر خود کو تحریک انصاف کا کارکن قرار دے رکھا ہے۔ ملزم کی تحریک انصاف کے پرچم کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو سیاسی شخصیات کی کردار کشی میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے تھے۔