عثمان بزدار نہیں ہوں، چپ چاپ نہیں بیٹھوں گا، عمر سرفراز چیمہ
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ قانونی طور پر اب بھی گورنر پنجاب ہوں، عہدہ چھیننے کی کوشش کی گئی تو چپ نہیں رہوں گا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ آئینی طور پر میں گورنر پنجاب ہوں، میں عثمان بزدار نہیں ہوں کہ سیاسی غنڈوں کے ذریعے میرا دفتر چھین لو گے اور میں چپ چاپ بیٹھ جاؤں گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلیے ایک جعلی الیکشن کروایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ غیر آئینی طور پر سابق گورنر نے منظور کیا۔
انہوں نے کہا کہ دو غیر آئینی اقدامات کیے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے وزیراعلیٰ کا حلف لینے کے لیے آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ گزارش بھی کر رہا ہوں اور تنبیہ بھی صوبے کو مذاق نہ بنایا جائے، اس وقت پنجاب میں دو وزیراعلیٰ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات 2007 سے زیادہ خراب ہوگئے ہیں، میں جو کچھ بھی کر رہا ہوں یہ آئینی ہے، اپنا قانونی اختیار استعمال کرنا جانتا ہوں۔