غیرملکی سازش نے نہیں تمہارے منتخب اراکین نے تمہیں نکالا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا صوابی میں جلسے سے خطاب، عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ ڈرامے بازی اور رونا دھونا بند کرو۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوابی والوں، شکر کرو کہ ان جھوٹوں سے جان چھوٹ گئی۔

انہوں نے کہا کہ جس کی رپورٹ کارڈ میں کارکردگی نہ ہو، اسے سازش کی ضرورت تو پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ جھوٹا خط تو ایک بہانہ تھا اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان یہ ڈرامے بازی اور رونا دھونا بند کرو، عوام کو بتاؤ 4 سال میں کارکردگی کیا رہی؟

انہوں نے کہا کہ نہ تمہیں نواز شریف نے نکالا، نہ کسی غیر ملکی سازش نے بلکہ تمہیں تمہارے منتخب اراکین نے نکالا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ آدمی چار سال تک ہیلی کاپٹر میں جھولتا رہا، سرکاری خرچ پر بنی گالا میں کتے پالے، بیت المال اور توشہ خانے کو بھی نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کان کھول کر سن لو، اپنی نااہلی کو سازش کے پیچھے چھپانے کی کوشش کی تو 22 کروڑ عوام تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت تباہ کر دی، 25 ہزار ارب قرضہ لیا لیکن ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا، ہم سمجھ رہے تھے کہ ملک آئی سی یو میں ہے، حکومت میں آکر معلوم ہوا کہ ملک تو وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان کی کرسی ہلی تو اس کا دماغ بھی ہل گیا، کرسی کیا کھسکی میر جعفر اور میر صادق بھی نظر آنے لگ گئے۔

متعلقہ تحاریر