پیٹرولیم مصنوعات پر دی گئی سبسڈیز فنڈڈ نہیں تھیں، اسحاق ڈار

سابق وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ مجموعی طور پر 300 ارب روپے کا مسئلہ ہے، کوشش ہوگی عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے تاثر دیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر دی گئی سبسڈیز فنڈڈ تھیں جبکہ ایسا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 300 ارب روپے کا مسئلہ ہے، عوام پر بوجھ ڈالا تو ہر چیز کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ کل اتحادی قائدین سے اس معاملے پر مشاورت ہوئی تھی، عوام چند برس میں مہنگائی کا بوجھ اٹھا چکی لیکن اب اس میں مزید سکت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے عوام پر کم سے کم دباؤ پڑے، الیکشن کا فیصلہ بھی اتحادی جماعتیں مل کر کریں گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کا رویہ نہایت نامناسب ہے، وزیراعظم کی ایڈوائس کو واپس کرنے کی وجہ بھی بتانا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گھٹیا سیاست سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے، پاکستان میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرنا صحیح بات نہیں۔

متعلقہ تحاریر