کور کمانڈر پشاور سے متعلق سیاستدانوں کے بیانات نامناسب، آئی ایس پی آر
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کُھڈے لائن لگا دیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے کور کمانڈر پشاور کے متعلق بیان پر آئی ایس پی آر کا ردعمل آگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کور کمانڈر پشاور سے متعلق سینئر سیاستدانوں کے بیانات نہایت نامناسب ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
میاں صاحب سے بات ہوگئی، اصلاحات ہوتے ہی الیکشن کروائینگے، آصف زرداری
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کور پاکستان آرمی ایک ایک ممتاز فارمیشن ہے، اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل افسران کے ہاتھوں میں سونپی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پشاور کور کا دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سینئر سیاسی قیادت سے توقع ہے کہ ادارے کے خلاف متنازع بیانات سے اجتناب کریں۔
ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کچھ روز سے سیاسی قیادے کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں آرمی چیف کی تقرری کا عمل واضح طور پر موجود ہے۔