پاکستان نے نئی دہلی ہائی کمیشن میں وزیر تجارت کا عہدہ بحال کردیا

قمر زمان بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن میں وزیر تجارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ۔

حکومت پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کی طرف سے بھارت کے لیے وزیر تجارت نامزد کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت دوبارہ شروع کرے گا۔

کابینہ اجلاس میں قمر زمان کو نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن میں وزیر تجارت نامزد کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح کئی تجارتی عہدیدار اور وزرا کو تقریباً 15 ممالک میں تعینات کیا جائے گا تاکہ ان ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات اور معاہدوں کو فروغ دیا جاسکے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ تجارت پر اس وقت پابندی لگا دی تھی جب مودی حکومت نے اپنے آئین کا آرٹیکل 370 اے ختم کر کے جموں کشمیر کی آزاد خودمختار ریاستی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔

عمران خان نے بھارت سے سفارتی روابط میں بھی کمی کر دی تھی اور اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمشنر کو ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔

موجودہ حکومت نے یہ فیصلہ تجزیہ کاروں اور عوام کی سخت تنقید کے باوجود لیا ہے۔

پاکستان کی معاشی صورتحال دگرگوں ہونے جا رہی ہے، آئی ایم ایف کی طرف سے 6 ارب ڈالر کے قرضے کو بحال کرنے کے لیے بھی سخت شرائط عائد کی گئی ہیں۔

متعلقہ تحاریر