مفتاح اسماعیل ناتجربہ کار وزیر خزانہ ہیں، ڈالر 234 کا ہوجائیگا، قیصر شیخ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ معیشت ڈوب رہی ہے، میڈیا توجہ نہیں دے رہا، ملکی ذخائر میں سعودی عرب اور چین کا پیسہ ہے، خرچ نہیں کرسکتے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اپنے ہی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر برس پڑے، کہتے ہیں کہ مفتاح اسماعیل ناتجربہ کار وزیر خزانہ ہیں، ان کو کو آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا نہیں آتا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما قیصر احمد شیخ کی اسلام آباد میں دھواں دھار پریس کانفرنس، کہتے ہیں شہباز شریف کی طرف سے کسی بھی منتخب رکن اسمبلی کو وزیر خزانہ بنایا جاتا تو حالات بہتر ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری پر توجہ نہ دی گئی تو ملک میں فساد اور خانہ جنگی ہوگی۔

ایم این اے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سابق چیئرمین قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کو ہے، اب پاکستان کو سنبھالنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی آئندہ دو سے تین ماہ میں 20 فیصد ہو جائے گی، آئی ایم ایف سبسڈی ختم کرانے پر بضد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں وزرائے خزانہ باہر سے آتے ہیں اور بجٹ بنانے میں اراکین اسمبلی سے مشورہ تک نہیں کرتے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی باہر سے وزیر خزانہ لگایا، موجودہ وزیر خزانہ پر پیپلزپارٹی کے ایم این اے قادر مندوخیل نے بھی اعتراض اٹھایا تھا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پر ٹیکس لگانا درست نہیں۔

چالیس سال سے سیاست کر رہا ہوں، میں بھی چاہتا ہوں وزیر بنوں، ایک ماہ ہو گیا حکومت بنے، ابھی تک ہم سے کسی سے مشورہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی بحران آچکا ہے، الیکشن مسئلہ کا حل نہیں، میثاق معیشت الیکشن سے پہلے ہونا چاہئے۔

پی ٹی آئی اور ن لیگ کو مل کر معیشت پر کام کرنا ہوگا، قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔

ملک اس وقت ڈوب رہا ہے، میڈیا توجہ نہیں دے رہا نہ اسمبلی میں بات ہوتی ہے، یہ سب ہماری اپنی حکومتوں کا کیا دھرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں کہ کیسے ملک کو بچانا ہے۔ کُل 10 ارب ڈالر کے مالی ذخائر اس وقت موجود ہیں۔

ان ذخائر میں سعودی عرب اور چین کا پیسہ ہے جس کو خرچ نہیں کیا جاسکتا، 10 ماہ میں جاری کھاتوں کا خسارہ 17 ارب ڈالر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کے 9 ماہ میں ڈالر 234 روپے تک ہو جائے گا، قیصر احمد شیخ نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر 200 روپے تک جاسکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر