سندھ، آج سے سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کیلیے بند
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 300 روپے فی کلو میں سی این جی بیچنا ناممکن ہے۔
سی این جی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 300 روپے فی کلو میں سی این جی بیچنا ناممکن ہے، پچھلے دو برس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کے لائن لاسز 18 فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کا لائن لاسز 8 فیصد ہیں۔
سی این جی ایسوسی ایشن عہدیداران نے کہا کہ ان کمپنیز کی نااہلی کی سزا ہمیں دی جا رہی ہے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سمیر گلزار نے کہا کہ آج سے سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی این جی کو سپورٹ کر کے چند ماہ میں ایک ارب ڈالر بچائے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگے تیل درآمد کرنے سے سستی سی این جی بہتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی این جی سیکٹر کو مجموعی گیس کی طلب میں سے صرف 4 فیصد ضرورت ہے۔